ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مسلم بچوں کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھانے شراوتی مسلم کونسل کا خوبصورت تعلیمی ایوارڈ پروگرام؛ بیلٹ کے۲۰ ہونہار طلبہ کی تہنیت

مسلم بچوں کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھانے شراوتی مسلم کونسل کا خوبصورت تعلیمی ایوارڈ پروگرام؛ بیلٹ کے۲۰ ہونہار طلبہ کی تہنیت

Tue, 06 Aug 2024 13:28:44    S.O. News Service

بھٹکل 6/ اگست (ایس او نیوز)گذشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی شراوتی مسلم کونسل کا تعلیمی ایوارڈ  پروگرام پڑوسی تعلقہ ہوناور  کے قصبہ ولکی کے اتحاد پبلک اسکول میں  منعقد کیا گیا جس میں شراوتی بیلٹ کے 20 ہونہار طلبہ کو ایوارڈ سے نوازتے ہوئے ان کی بھرپور ہمت افزائی کی گئی۔ اس بار یہ تقریب اتوار 4 اگست 2024 کو منعقد کی گئی۔

ہوناورتعلقہ کے شراوتی بیلٹ پر آباد مسلم  آبادی والے قصبوں  بالخصوص ہوناور،  ولکی، سرلگی، سمسی، اُپّنی، ہیرانگڈی، کُروا، کنّوڈی اور گیرسوپا  کی جماعتوں پر مشتمل شراوتی مسلم کونسل مسلمانوں کی تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے اور مسلمانوں میں تعلیمی بیداری پیدا کرنے کے لئے کوشاں ہے، اسی مقصد کے تحت ہر سال  بیلٹ کے ہونہار طلبہ کی ہمت آفزائی کرنے  اس طرح کی تعلیمی ایوارڈ  تقریب منعقد کی جاتی ہے۔

شراوتی مسلم کونسل نے اس بار شراوتی بیلٹ سے حفظ قران مکمل کرنے والے آٹھ ، ایس ایس ایل سی میں ٹاپ کرنے والے آٹھ اسی طرح بیلٹ کے  ڈاکٹریٹ مکمل کرنے والے دو اور ایک کو انجینئرنگ مکمل کرنے پر تعلیمی ایوارڈ سے نوازا،  ساتھ ساتھ ہوناور  تعلقہ  میں سکینڈ پی یو سی میں ٹاپ کرنے پر ایک غیر مسلم طالبہ کو بھی شراوتی  تعلیمی ایواڑڈ سے نوازا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ اس سال ولکی سے چار طلبہ نے مدرسہ سیدنا عمر فارو ق سے حفظ قران  مکمل کیا جبکہ ایک طالب علم محمد ٹیپو سلطان نے  ہوناور کے پہلے حافظ ِ قرآن ہونے کا شرف حاصل کیا۔ اسی طرح سمسی ، سرلگی، اورہیرانگڈی   سے بھی ایک ایک طالب علم نے مختلف مدرسوں سے حفظ قران مکمل کیا جن پر تماموں کو تعلیمی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ سمسی کے طالب علم  فواز افتخار سکری نے عصری تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ حفظ  قران بھی مکمل کرنے کا شرف حاصل کیا جبکہ  شراوتی حلقہ کے حدود میں آنے والے دو طالب علموں نے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی جن میں ایک طالب علم آصف مقبول ابکار کا تعلق ہیرانگڈی سے اور دوسری طالبہ منال خلیل شیخ کا تعلق ولکی سے ہے۔ 

اتوار کو شراوتی مسلم کونسل کےصدر جناب خواجہ ابکار کی زیر صدارت بعد نماز عصر   براّق نامی طالب علم کی تلاوت   کلام پاک  سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ ایک اور  طالب علم صدر الدین نے  نعت  کا نذرانہ پیش کیا۔  

سکریٹری کونسل  مولانا عبداللہ سُکر ی ندوی نے شراوتی مسلم کونسل کا تعارف  پیش کرتے ہوئے بتایا کہ یہ کونسل  2014 سے شراوتی ساحلی پٹی کے لئے تعلیمی اور سماجی میدان میں کام کررہی ہے، جبکہ تعلیمی ایوارڈ پروگرام   2015 سے  شروع کیا گیا ہے۔سکریٹری شراوتی کونسل مظفر شیخ نے  شراوتی  کونسل اور اتحاد پبلک اسکول  کی خدمات پر  روشنی ڈالی ۔

مہمان خصوصی کے طور پر بھٹکل سے تشریف فرما  جامعہ اسلامیہ کے استاد حدیث اور امام و خطیب مخدومیہ جامع مسجد مولانا نعمت اللہ عسکری ندوی نے علم کی اہمیت پر مفصل خطاب کیا ،  بھٹکل  مسلم خلیج کونسل کے صدر جناب  عمر فارق مصباح  ، انجمن حامئی مسلمین بھٹکل اور کینرا مسلم خلیج کونسل کے صدر جناب یونس قاضیا سمیت بھٹکل سے کافی دیگر ذمہ داران بھی  پروگرام میں تشریف فرما تھے۔ کئی ذمہ داران نے اپنے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے  اپنے اپنے اداروں کی جانب سے شراوتی بیلٹ کے طلبہ کے لئے   ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ 


Share: